بنگلورو، 21/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پر میشورنے اعلان کیا ہے کہ جو سرکاری ملازمین، زمیندار اور دو گاڑیوں کے مالکان غلط معلومات فراہم کر کے بی پی ایل کارڈ حاصل کریں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پیر کو میسور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پر میشورا نے بتایا کہ بی پی ایل کارڈز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کیونکہ بہت سے افراد جنہوں نے آئی ٹی ریٹرن فائل کی ہیں، ان کے پاس بی پی ایل کارڈ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین جن کے پاس تین ہیکٹر سے زیادہ اراضی ہے یا دو گاڑیاں ہیں، ان کے پاس بھی بی پی ایل کارڈ ہیں، جو غیر قانونی ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت ان کارڈز کو واپس لے رہی ہے اور لوگوں کو رضاکارانہ طور پر یہ کارڈ واپس کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ بصورت دیگر، غلط معلومات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔